چین اور لاؤس کے صدور کے درمیان بات چیت

بیجنگ(نمائندہ خصوصی) سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور چین کے صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے لاؤس پیپلز ریولوشنری پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور لاؤس کے صدر تھونگلون سیسولیت کے ساتھ بات چیت کی۔

شی جن پھنگ نے چین۔لاؤس تعلقات کو آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ معیارکے حامل ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے بارے میں چار نکاتی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کو سوشلسٹ راستے پر قائم رہنا چاہیے ،باہمی فائدہ مند تعاون کی بنیاد اورعوام کے درمیان روایتی دوستی کو مضبوط بنانا چاہیے اورخارجہ پالیسیوں میں ہم آہنگی کوبڑھانا چاہیے۔

فریقین کو ”چین لاؤس دوستی کے سال“ سے فائدہ اٹھا کر ثقافت، تعلیم، صحت اور مقامی امور میں تعاون کو وسعت دینی چاہیے اور لوگوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور دوستی کو بڑھانا چاہیے۔ شی جن پھنگ کا کہنا تھا کہ چین لاؤس کے ساتھ ٹیلنٹ ٹریننگ پروگرام پر عمل درآمد اورلوگوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کے لئے مزید ”چھوٹے مگر خوبصورت“ منصوبے تشکیل دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی اور علاقائی امور میں لاؤس کے مزید فعال کردار کی بھی توقع ظاہر کی۔

تھونگلون نے کہا کہ لاؤس اور چین کے تعلقات اس وقت اپنے بہترین تاریخی دور میں ہیں اور لاؤس نے ہمیشہ ایک چین کے اصول پر ثابت قدمی سے عمل کیا ہے اور جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ کے تجویز کردہ گلوبل انیشی ایٹوز کی حمایت کی ہے۔ لاؤس اعلیٰ سطح کے سیاسی باہمی اعتماد کو مستحکم کرنے، متعدد شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے اور نئے دور میں ہمہ موسمی لاؤس-چین ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو مزید بلندی تک پہنچانے کے لیے چین کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

بات چیت کے بعد، فریقین نے مشترکہ طور پر جماعتی روابط، ، لوگوں کے ذریعہ معاش، مالیات، کسٹمز، تجارت اور معیشت، نوجوانوں کے تبادلے اور میڈیا جیسے شعبوں میں تعاون کی دستاویزات پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔

Comments (0)
Add Comment