امریکی ٹیکس اقدامات کو عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو۔ٹی۔او) کے تنازعات کے حل کے میکانزم میں پیش کر دیا ہے، چینی وزارت تجارت
بیجنگ (نمائندہ خصوصی)چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے چین کی جانب سے (ڈبلیو۔ٹی۔او) میں امریکی ٹیرف اقدامات کے خلاف کیس دائر کرنے پر صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ امریکہ کی جانب سے چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر ٹیرف لگانا (ڈبلیو۔ٹی۔او) کے قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ یکطرفہ پسندی اور تجارتی تحفظ پسندی کی ایک واضح مثال ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام قواعد پر مبنی کثیرالجہتی تجارتی نظام کو شدید نقصان پہنچاتا ہے، چین اور امریکہ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کی بنیاد کو تباہ کرتا ہے اور عالمی صنعتی چین اور سپلائی چین کے استحکام کو متاثر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے بارہا یکطرفہ پسندی کو کثیرالجہتی پر ترجیح دی ہے، جس پر (ڈبلیو۔ٹی۔او) کے اراکین کی جانب سے سخت مذمت بھی کی گئی ہے۔
چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا کہ چین امریکہ کے ان اقدامات کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے غلط اقدامات کو درست کرے۔ انہوں نے کہا کہ چین کثیرالجہتی تجارتی نظام کا مستقل حامی اور اہم معاون ہے اور دیگر (ڈبلیو۔ٹی۔او) اراکین کے ساتھ مل کر یکطرفہ پسندی اور تجارتی تحفظ پسندی کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور بین الاقوامی تجارت میں منظم اور مستحکم ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے۔